کراچی(سپورٹس لنک پورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ دیکھ لیں کرکٹ ٹیم کا کیا حشر ہو گیا ہے۔جاوید میانداد نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں پروفیشنلزم کی کمی ہے جو ڈپارٹمنٹ کرکٹ سے آتی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ وہ ایک بہترین وکٹ کیپر ہے اور اس کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے۔سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق بات کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ سرفراز کو کپتانی سے ہٹانا بورڈ کا فیصلہ ہے لیکن انہیں ٹیم سے نکال کر زیادتی کی گئی۔جاوید میانداد نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ وکٹ کیپر ہمیشہ اپنی بُری وکٹ کیپنگ کی وجہ سے باہر ہوتا ہے۔
سابق کپتان جاوید میانداد نے آسٹریلیا میں شکست کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا میں شکست کا ملبہ کپتان اظہر علی پر ڈالنا درست نہیں ہے، ٹیم جب 70 کے اسکور پر آؤٹ ہو جائے تو کپتان کیا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ٹیم بڑا اسکور کرتی ہے تو اس وقت کپتان کی پلاننگ دیکھی جاتی ہے۔جاوید میانداد نے مصباح الحق کے عہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کو تین عہدے دینا سمجھ سے باہر ہے، مختلف لوگوں کو عہدے دینے سے اچھے فیصلے سامنے آتے ہیں۔