راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 10 سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، 2009ء میں تھم جانے والا ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ سری لنکن ٹیم کی آمد کے ساتھ ایک بار پھر شروع ہونے کو ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی، سابق کپتان جاوید میانداد اور بندولہ ورناپورا بھی تاریخی موقع پر موجود تھے۔ایک دہائی بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ انہی دونوں ٹیموں سے پھر سے جڑنے جا رہا ہے جن کے درمیان یہ سلسلہ ٹوٹا تھا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل سے راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں کا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی ہوا۔اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1982ء میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیموں کی قیادت کرنے والے پاکستان کے کپتان جاوید میانداد اور سری لنکا کے کپتان بندولہ ورناپورا بھی موجود تھے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 53 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے 19 میں پاکستان فاتح رہا تو 16 ٹیسٹ میں آئی لینڈرز کامیاب رہے، 18 میچز ڈرا ہوئے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی ٹیسٹ کا آغاز کل صبح 10 بجے ہوگا، اس موقع پر راولپنڈی میں آبر آلود موسم اور بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔