میلبورن (سپورٹس لنک رپورٹ) آئندہ برس کا پہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 108 واں ایڈیشن 20 جنوری سے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور ٹینس کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگے۔
میگا ایونٹ میں سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی ٹینس سٹار نائومی اوساکا ٹائٹل کے دفاع کے لئے میدان میں اتریں گی۔ ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز مینز ڈبلز، ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز، مکسڈ ڈبلز کے علاوہ مختلف کیٹیگری کے مقابلے ہونگے۔ ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ 20 جنوری 2020ء سے شروع ہونے والا میگا ایونٹ 14 روز جاری رہنے کے بعد 2 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔