اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)؛ وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے کہا ہےکہ سپورٹس فیڈریشنز کے عہدیدار اپنے اپنے تمام اختلافات کو بھلا کر کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دلاور عباس ٹینس کمپلیکس میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام سیف گیمزمیں میڈلز حاصل کرنے والے ٹینس کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سیلم سیف اللہ، سیکرٹری جنرل کرنل( ر) گل الرحمن، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران اور اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عارف قریشی بھی موجود تھے
انہوں نےکہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اورپاکستان نے نیپال میں کھیلی گئی سیف گیمز سے 116 میڈلز حاصل کئے ہیں جن میں 32 گولڈ میڈلز شامل ہیں اور یہ میڈلز گذشتہ 2016 ء میں کھیلی گئی ۔سیف گیمز سے زیادہ ہیں،سیف گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جہنوں نے بھر پور محنت کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ انہوں سپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداروں کو اپنے اپنے تمام اختلافات کو بھلا کر کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرنا چاہئے اور کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کرکے انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس مین ملک میں کھیلوں میں لا سکتا ہے اور ہمیں سپورٹس ایمرجنسی نافذ کرنی ہے اور سپورٹس کو سکول اور کالج میں نصاب کا حصہ بنانا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ کی ضرورت ہے اور تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اکبر درانی نے کہا کہ سپورٹس یونیورسٹی پر ہائرایجوکیشن کمیش کے ساتھ مشاورت سے شروع ہے اور اس یونیورسٹی کا قیام پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹینس کے کھلاڑیوں نے سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ مظاہرہ کرتے ہوئے ہوئے میڈلز حاصل کئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سیلم سیف اللہ کی طرف سے کھیلوں کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے پوائنٹس پر توجہ دی جائے گی۔ اس سے قبل پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سیلم سیف اللہ نے کہاکہ ملک میں ٹینس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور وسائل کی کمی ہے اور حکومت کو زیادہ سے زیادہ گرانٹ ریلیز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سپورٹس یونیورسٹی کا قیام عمل میں لانا چاہئے اور ہمارے پاس اچھے محنتی اور قابلیت کےکوچز موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے کھلاڑیوں نے سیف گیمز میں 8 میڈلز حاصل کئے ہیں جن میں ایک چاندی اور سات کانسی کے تمغے شامل ہیں انہوں نے کہاکہ میں پر امید ہوں کہ ہمارے کھلاڑی ڈیوس کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری نیت صاف ہے اور کھلاڑیوں کو بھر پور تربیت دیں گے اور ہم ڈیوس کپ کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے کھیلنے کے لئے پی ٹی ایف کے دروازے کھول دیئے ہیں، سلیم سیف اللہ نے کہا کہ ویل چیئر ٹینس کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں ہمارے پاس اس وقت 10 ویل چیئر موجود ہیں جن میں سے چھ ویل چیئر چیف آف آرمی سٹاف نے دی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بیگم کلثوم سیف اللہ ٹینس ٹورنامنٹ آئندہ ماہ جنوری میں منعقد ہوگا اور ڈیوس کپ کے لئے ٹرائلز فروری میں ہونگے