دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی، پاکستان کے بابر اعظم نے ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں جگہ بنالی، بولرز میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی پہلے دس بولرز میں شامل نہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر آئی سی سی نے تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کی جس کے مطابق پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نویں نمبر پر آگئے ہیں۔تازہ رینکنگ کے مطابق بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کا بدستور پہلا اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کا دوسرا نمبر ہے۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے، بھارت کے چتیشور پجارا چوتھے، آسٹریلوی بیٹسمین مارنس لبوشین تین درجہ بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔بھارت کے اجنکیا رہانے چٹھے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں، انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں، پاکستان کے بابر اعظم چار درجہ چھلانگ لگاکر نویں اور سری لنکا کے کرونا رتنے دسویں نمبر پر ہیں۔سری لنکا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں اپنے ڈبیو پر سنچری بنانے والے اوپنر عابد علی کا رینکنگ میں 78 واں نمبر ہے۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بدستور پہلے، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادار دوسرے، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر ایک درجہ بہتری کے بعد تیسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 9 درجے کی لمبی چھلانگ لگائی اور پانچویں نمبر پر آگئے۔بھارت کے جسپریت بومرا ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ ایک درجہ بہتری کے بعد ساتویں، جنوبی افریقا کے فلینڈر آٹھویں، انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن نویں اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی دسویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے رائٹ آرم فاسٹ بولر محمد عباس کا رینکنگ میں 18واں اور یاسر شاہ کا 22 واں نمبر ہے۔آل راونڈرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا، بھارت کے رویندرا جدیجا کا دوسرا، انگلینڈ کے بین اسٹوکس کا تیسرا، جنوبی افریقا کے فلینڈر کا چوتھا اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کا پانچواں نمبر ہے۔