کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق سری لنکن کرکٹر رسل آرنلڈ نے ٹوئٹر صارفین سے سوال کیا کہ کیا کراچی دنیا کا بریانی کیپیٹل ہے؟گزشتہ روز سابق سری لنکن کرکٹر رسل آرنلڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کراچی پہنچنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ کراچی واپس آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں آکر مجھے یہ بتایا جاتا ہے کہ کراچی دنیا کا بریانی دارالحکومت ہے۔سری لنکن کرکٹر کے اِس ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے بریانی کے حوالے سے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ذیشان غوری نامی صارف نے لکھا کہ کراچی ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کو ہر طرح کی بریانی ملے گی جیسے سندھی بریانی، حیدرآبادی بریانی، ممبئی بریانی، چکن تِکہ بریانی، نلی بریانی اور اِس کے علاوہ بھی بہت سی اقسام کی بریانی ملیں گی۔
فرقان نامی صارف نے تو سلاد اور رائتے کے ساتھ بریانی تصویر شیئر کردی اور لکھا کہ آپ کو یہ بریانی ایک بار ضرور کھانی چاہیے۔محمد زبیر نامی صارف نے لکھا کہ پوری دنیا کراچی کی بریانی کے بارے میں جانتی ہے۔طلحہ محمود نامی صارف نے لکھا کہ یہ سچ ہے کہ آپ کو جو مزیدار بریانی کراچی میں کھانے کو ملے گی وہ کسی اور جگہ نہیں ملے گی۔اِس ٹوئٹ کے علاوہ بھی رسل آرنلڈ نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں وہ جِم میں موجود ہیں اور کراچی کی بریانی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز چل رہی ہیں جس کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جو بارش کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا جبکہ دونوں ٹیمیں جمعرات سے کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ایکشن میں ہوں گی۔