ایم سی سی کرکٹ ٹیم فروری2020میں پاکستان کا دورہ کرے گی

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)مارلی بون کرکٹ کلب(ایم سی سی ) نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم فروری 2020 میں پاکستان کاد ورہ کرے گی۔اس دوران ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے۔ ٹیم آئندہ سال فروری میں لاہور پہنچے گی جہاں وہ چندمیچز کھیلے گی۔دورہ پاکستان کے دوران ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی۔ گائے لاوینڈر ٹیم منیجر جبکہ اجمل شہزاد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا یہ 46 برس بعد پاکستان کا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ایم سی سی کرکٹ ٹیم 1973 میں پاکستان آئی تھی۔ٹیم کے دورہ پاکستان کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈکرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ دور ے کا مقصدپاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں معاونت کرنا ہے۔2009 کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی بار ہوم ٹیسٹ سیریز اپنے ملک میں کھیل رہی ہے۔

آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ 19 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس رواں سال اگست میں منعقد ہوا تھا۔ لارڈز میں منعقدہ اجلاس کے دوران سیکورٹی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے تعاون کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اجلاس میں شریک اراکین کو پریزینٹیشن بھی دی تھی۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایم سی سی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایم سی سی کرکٹ ٹیم کو آئندہ سال فروری میں دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی تھی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ طویل مشاورت اور مربوط حکمت عملی کے تحت ایم سی سی ورلڈکرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا گیا، خوشی ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم فروری 2020میں لاہور پہنچے گی۔وسیم خان نے کہاکہ دنیائے کرکٹ کے سب سے پرانے اور اہم ترین کلب کا دورہ پاکستان پر رضامندی ظاہر کرنادرحقیقت ہمارے اْس مؤقف کی تائید ہے کہ پاکستان کرکٹ کی سرگرمیوں کے لیے ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ملک میں غیرملکی ٹیموں کی آمد میں اہم کردار ادا کرے گا۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ وہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ا ور انہیں امید ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورہ پاکستان کے دوران بھرپور لطف اٹھائے گا۔صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کاکہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کی واپسی کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں۔

کمار سنگاکارا نے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے بعد ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ، خطے میں کھیل کی پذیرائی کا سبب بنے گا۔چیف ایگزیکٹو اور سیکرٹری ایم سی سی گائے لاوینڈر کاکہنا ہے کہ پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر کرکٹ کے مداح مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شدت سے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی منتظر تھی۔ چیف ایگزیکٹو اور سیکرٹری ایم سی سی نے کہا کہ بطور کلب ، ایم سی سی دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارلی بون کرکٹ کلب غیرملکی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرتا دیکھنے کا خواہشمند ہے۔گائے لاوینڈر کا کہنا ہے کہ یقینا سکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں ایک جامع پلان پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔

تعارف: newseditor