لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ کی زیرصدارت گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن و دیگر افسران نے شرکت کی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ اورپراجیکٹ ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں، کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نیا ٹیلنٹ تلاش کرکے کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید بہتر بنانے کے لئے پروگرام تربیت دیئے جائیں، پنجاب میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، پنجاب کو سپورٹس کی پہچان بنائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں اس وقت 315 سپورٹس کی سہولیات کھلاڑیوں کومیسر ہیں جبکہ پنجاب میں 200 سے زائد ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس سہولیات کی تعداد 500 سے زائد ہوجائے گی، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے دیگر شہروں میں مختلف کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ لگائے جارہے ہیں، ہر ماہ ایک کھیل کی چیمپئن شپ بھی منعقد کررہے ہیں جس سے نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو مزید تربیت دیں گے اور ان کو قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بتایا کہ پنجاب میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا، نئی ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، مختلف شہروں میں گرائونڈز، جمنیزیم ہالز اور سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں۔