پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) یوفون خیبرپختونخوا فٹبال چیمپیئن شپ کا فائنل پشاور کمبائنڈ ایف سی اور ڈی ایف اے چترال کے درمیان پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم میچ کے اختتام تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ کھیل کا وقت ختم ہونے پر پنالٹی شوٹ آؤٹس میں میچ کا فیصلہ سامنے آیا۔
اس ٹورنامنٹ کا فائنل سنسنی خیز انداز سے شروع ہوا۔ کھیل کے 13 ویں منٹ میں پشاور نے پنالٹی کک حاصل کرلی تاہم چترال کے گول کیپر نے حیران کن انداز سے پشاور کو گول اسکور کرنے سے روک دیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور کوشش کے باوجود کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ یہی صورتحال کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی برقرار رہی جب دونوں ٹیموں نے گول اسکور کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم اس بار بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹس پر کیا گیا جس میں پشاور نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے چترال کو شکست دے کر یوفون خیبرپختونخوا فٹبال ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
فائنل میچ فلڈ لائٹس میں کھیلا گیا اور دلچسپ کھیل پیش کرنے پر وہاں موجود ہزاروں پرجوش شائقین فٹبال محظوظ ہوئے جو بھرپور جذبے کے ساتھ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔ سیمی فائنلز باآسانی جیتنے والی پشاور کمبائنڈ ایف سی اور ڈی ایف اے چترال دونوں اس حقیقت سے باخبر تھیں کہ اس اعزاز کو اپنے نام کرنا آسان کام نہیں اور انہیں فائنل جینے جیتنے کے لئے بہترین کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کو یوفون فٹبال چیمپیئن شپ کی ٹرافی حوالے کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پشاور کے مقامی گلوکار سیف علی خان نے یادگار پرفارمنس پیش کی جس کا مشہور شخصیت گل خان نے بھی ساتھ دیا۔
اس فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں 21 شہروں میں کوالیفائرز منعقد ہوئے اور پھر سٹی چیمپیئنز نے ایلی منیٹرز میں ایک دوسرے کو پچھاڑ کر سپر آٹھ مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ شہر کی سطح پر کامیاب ٹیموں نے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کی جس کے بعد فائنل کے لئے دو ٹیموں سامنے آئیں۔
خیبرپختونخوا میں اس چیمپیئن شپ کا آغاز یوفون بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا۔ رواں سال اس صوبائی چیمپیئن شپ کے دوران 21 شہروں کی 64 ٹیموں کے 960 نوجوان فٹبالرز کو اپنی غیرمعمولی صلاحیتیں اور مہارت کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ یوفون کے برانڈ ایمبسڈرز اور بلوچ فٹبال اسٹارز جدید خان پٹھان اور ریاض احمد نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور نوجوان فٹبالرز کو کوچنگ اور رہنمائی و کارآمد معلومات فراہم کیں۔