کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی اوپنرز نے 55سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا ۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے تیسرے دن شان مسعود اور عابد علی کی سنچریوں نے پاکستان کے لئے جیت کی راہ ہموار کردی ہے۔نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 57 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 32 جب کہ شان مسعود 21 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے بڑے ذمہ دارانہ انداز میں اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور سب سے پہلے سری لنکا کی 80رنز کی برتری کو ختم کیا۔
جس کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے نسبتاً تیز رفتاری سے کھیل کو جاری رکھا۔اسی دوران عابد علی اور شان مسعود نے سنچریاں سکور کرلیں،پاکستان کو پہلا نقصان تب ہوا جب278رنز کے مجموعی سکور پرشان مسعود135رنز بنا کر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،یہ گزشتہ55سال کے دوران کسی بھی پاکستانی جوڑی کی جانب سے پہلی وکٹ پر بنائی گئی دوسری بڑی شراکت داری ہے،پہلی وکٹ پر بہترین پارٹنر شپ کا قومی ریکارڈ عامر سہیل اور اعجاز احمد کے پاس ہے جنہوں نے 1997ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں298رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی،اس فہرست میں تیسرا نمبر عبدالحفیظ کاردار اور اقبال عبداللہ کا ہے جنہوں نے 1964ءمیں آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 249رنز بنائے تھے،سابق اوپنر عمران نذیر اور محمد وسیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2000ءمیں برج ٹاؤن ٹیسٹ میں پہلی وکٹ کے لیے219رنز کی شراکت داری قائم کی تھی ۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگزمیں ناکامی سے دوچارہوئی تھی اورپوری ٹیم 191 رنزپرڈھیر ہو گئی تھی جب کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کےلئے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فواد عالم ایک بار پھر ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا راولپنڈی میں ہونےوالا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔