کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت گرین کیپس کو مہمان ٹیم پر 315 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز 57 رنز بغیر کسی نقصان پر کیا تو عابد علی 32 اور شان مسعود 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سری لنکا کی پہلی اننگز کی سبقت کو ختم کیا۔عابد علی نے راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی شاندار سنچری اسکور کی اور وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سیکڑا اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔عابد علی اور شان مسعود کے درمیان 278 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹر شپ قائم ہوئی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 278 کے مجموعی اسکور پر گری جب شان مسعود 135 رنز بناکر لہیرو کمارا کا شکار بن گئے۔پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عابد علی تھے جنہوں نے 174 رنز بنائے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 355 رنز تھا۔تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 395 رنز بنالیے تھے اور اسے سری لنکا پر 315 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی جبکہ اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر گرین کیپس پر 80 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 سے برابر ہے، پنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہوگیا تھا۔