پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)وزارت کھیل ‘ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انڈر21 گیمز کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا ‘اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز صوبائی وزیر کھیل محمد عاطف خان کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جبکہ اس کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس میں گیمز کے حوالے سے اجلاس زیر صدارت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ اسفندیار خٹک منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹریس سپورٹس ویمنز رشیدہ غزنوی’ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس سید ثقلین شاہ ڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس عزیز اﷲ خان،ڈائریکٹرڈویلپمنٹ نعمت اﷲ’حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر جعفر شاہ ‘ارایس او پشاور سلیم رضا’ڈی ایس او نوشرہ جمشید بلوچ’ڈی ایس او چارسدہ تحسین اللہ ‘سکندر خان ،رضی اﷲ،انورکمال ،مختیاراحمد سمیت دیگر ڈی ایس اوز نے بھرپور شرکت کی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں ان گیمز میں تحصیل کی سطح پر مرد کھلاڑیوں کے درمیان فٹبال ‘والی بال’ ایتھلیٹکس’بیڈمنٹن’کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے جس میں 2688 کھلاڑی حصہ لیں گے ‘جبکہ خواتین کی 2624 کھلاڑی والی بال ‘نیٹ بال ‘ایتھلیٹکس’رسہ کشی’بیڈمنٹن’ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کے مقابلوں میں شرکت کریں گی ‘دوسرے مرحلے میں 3552 مرد کھلاڑی ہاکی ‘ٹیبل ٹینس ‘جوڈو’کراٹے ‘تائیکوانڈو’ریسلنگ’باسکٹ بال ‘جمناسٹک ‘ووشو اور ویٹ لفٹنگ
جبکہ تیسرے مرحلے میں 994 مرد کھلاڑی ہینڈ بال ‘بیس بال ‘ٹینس ‘آرچری ‘فٹسال ‘ تھرو بال ‘سوئمنگ’سائیکلنگ’سنوکر’فل کنٹیکٹ کراٹے’باڈی بلڈنگ ‘باکسنگ ‘سکواش اور چک بال کے مقابلے منعقد ہوں گے ‘ دوسرے مرحلے میں خواتین کی 749 دس گیمز میں شرکت کریں گی ان گیمز میں بیس بال ‘ہاکی ‘سکواش’ٹینس’آرچری’ووشو’جوڈو’تائیکوانڈو’باسکٹ بال اور ہینڈ بال شامل ہیں
پہلے تحصیل ‘پھر ڈسٹرکٹ اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز کی سطح کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا مجموعی طور پر ان کھیلوں میں 22 ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ‘انعامی رقم ونر کے لئے ایک لاکھ’رنر اپ کے لئے پچاس ہزار اور تیسری پوزیشن کے لئے پچیس ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف بھی دئیے جائیں گے۔ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی خواتین کے کھیلوں کی نگرانی کریں گی۔