میلبورن( سپورٹس لنک رپورٹ ) آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، کینگروز نے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہفتہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 44 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 9 اور روس ٹیلر 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے
ٹیلر گزشتہ روز کے سکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر جو برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اگلی ہی گیند پر پیٹ کمنز نے ہینری نکولس کو ایل بی ڈبلیو کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بی جے واٹلنگ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی گیند پر کیچ ا?ؤٹ ہوگئے، 97 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب کولن ڈی گرانڈ ہوم 11 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ ا?ؤٹ ہو گئے، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 148 پر ڈھیر ہوگئی
ٹام لیتھم 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، پیٹ کمنز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، ڈیوڈ وارنر 38 ، جو برنز 35 ، مارنس لابوشین 19اور سٹیو سمتھ 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، میتھیو ویڈ 15 اور تراوس ہیڈ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیل ویگنر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔