میلبورن(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلوی فاسٹ بالر پیٹر سڈل نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔پیٹر سڈل نیوزی لینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے 13 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں، انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کو اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔فاسٹ بالر نے اعلان کیا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن جب تک فٹنس برقرار رہی وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
پیٹر سڈل نے 2008ء میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔سڈل نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 221 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 22 ایک روزہ میچوں اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آسڑیلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔فاسٹ بولر کو کیریئر میں ہیٹ ٹرک کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے، انہوں نے 26 ویں سالگرہ کے موقع پر ایشیز ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔