لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، میچز پہلی مرتبہ پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے، شیڈول کا اعلان جنوری کے آغاز میں کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی مرتبہ پا کستان سپر لیگ کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے، اس کے لیے 4 شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
لاہور اور کراچی میں تو پہلے بھی پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہو چکا ہے جبکہ اس مرتبہ پی ایس ایل فائیو میں راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کرانے کے لیے پی سی بی کو آزاد سیکیورٹی کنسلٹنٹس سے کلئیرنس مل چکی ہے۔اس طرح پہلی مرتبہ لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں ایونٹ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل شیڈول کا باقاعدہ اعلان 4 روز کے اندر کر دیا جائے گا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔پی ایس ایل 5 میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور میں 13، کراچی میں 9، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 4 میچز کرانے کی تجویز ہے۔