لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ چیلنج کرکٹ کپ کے رائونڈ میچز میں نووا میڈ، سیماٹکس ٹیکنالوجی اور آئی بیکس ڈیجیٹل نے کامیابی حاصل کرلی۔ کرکٹ سینٹر میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نووا میڈ نے سٹوورٹ کو 10 رنز سے شکست دی۔ نووا میڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سکور کیے۔ شان مشتاق نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ علی حسین نے 4اور عاطف نعمان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سٹوورٹ کی ٹیم 127 رنز بناسکی۔ سلیم حیدر نے 35 رنز بنائے ۔
شان مشتاق کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ کرکٹ سینٹر میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آئی بیکس ڈیجیٹل نے سی جی اے کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی۔ آئی بیکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ وقار حسن نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
جواب میں سی جی اے کی ٹیم نے قاسم ملک کے 94 رنز کی بدولت 172 رنز بنائے ۔ فاتح ٹیم کے وقار حسن کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے واحد میچ میں سیماٹکس ٹیکنالوجی نے جاز کو 40 رنز سے شکست دیدی۔ سیماٹکس ٹیکنالوجی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز سکور کیے۔ سعد نجم 61 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ جواب میں جاز کی ٹیم صرف 133 رنز بناسکی۔ سعد نجم کو عمدہ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔