اسلام آباد /لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی سال 2019کی کارکردگی رپورٹ تیار کر دی ہے ۔رپو رٹ کے مطابق قومی انڈر 19 ٹیم نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ کو شکست دی،جبکہ کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم روحیل نذیرمجموعی طور پر 2019 قومی انڈر 19 ٹیم کے لیے بہتر سال ثابت ہوا، 2020 کا آغاز ورلڈکپ جیت کر کرنا چاہتے ہیں، سال 2019 درحقیقت قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کا سال تھا۔ رواں سال پاکستان نے دو مختلف ممالک کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے خلاف سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں بھی شرکت کی۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کا آغاز سری لنکا کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز سے کیا۔ 26 مئی سے 5 جون تک جاری رہنے والی سیریز میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔
دورہ سری لنکا کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ جنوبی افریقہ روانہ ہوا جہاں پچاس اوورزپر مشتمل 7 میچوں کی سیریز کا آغاز 22 جون سے ہوا۔ 7 جولائی تک جاری رہنے والی سیریزکے تمام میچز پاکستان نے جیتے۔رواں سال ستمبر میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت کی، 5 سے 14 ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں پاکستان نے افغانستان، بھارت اور کویت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے جہاں فتح کی دیوی صرف کویت کے خلاف میچ میں ہی پاکستان پر مہربان ہوئی۔ اس کے علاوہ قومی انڈر 19 کرکٹرز روحیل نذیر اور حیدر علی نے 14 سے 23 نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
دونوں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش میں منعقدہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ جیتا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ سال 2019 مجموعی طور پرقومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے بہتر سال ثابت ہوا، رواں سال میگا ایونٹ کی تیاریوں کاآغاز سری لنکا کے خلاف سیریز سے ہوا۔ روحیل نذیر نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے باوجود ٹیم منیجمنٹ کی جانب سے بیٹنگ میں چند خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریزمیں بلے بازوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں ٹیم کلین سوئیپ کرنے میں کامیاب رہی۔ روحیل نذیر نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں قومی بلے بازوں کو میچ فنش کرنے میں دشواری کا سامنا تھا تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بیٹنگ لائن اپ نے اس خامی پر قابو پالیا۔
روحیل نذیر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز انتہائی اہم تھی کیونکہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 بھی ادھر ہی کھیلا جانا ہے لہٰذاقومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کنڈیشنز سے ہم آہنگی انتہائی ضروری تھی۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا کہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں شکست سے ٹیم کیمورال میں کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں ناکامی کے باعث ٹورنامنٹ میں ٹیم کا اعتمادبحال کرنے میں وقت لگا جس کے باعث کویت سے کامیابی کے باوجود قومی انڈر 19 ٹیم ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی نہیں کرسکی۔ روحیل نذیر نے کہاکہ اعجاز احمد کی نگرانی میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے ، حیدر علی کے ہمراہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شمولیت سے بہت فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے فائنل میں سنچری اسکور کرنے کے بعد جو اعتماد ملا ہے اس کا فائدہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں ہوگا۔روحیل نذیرنے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ رواں سال ان کی انفرادی کارکردگی میں تسلسل رہا۔ انہوں نے کہا کہ حیدر علی، نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پرعزم ہیں کہ سال بھر جاری رہنے والی تیاریوں کا فائدہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد اس ٹیم کو بہترین قرار دے چکے ہیں، انہیں امید ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔روحیل نذیر نے کہا کہ آئندہ ورلڈکپ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل بیشتر کھلاڑیوں کا آخری ایونٹ ہوگا، انہیں امید ہے کہ آئندہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل نئے کھلاڑی کامیایبیوں کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔