راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کی ٹیم پہلی راولپنڈی ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ یوتھ ایجوکیشن اینڈسپورٹس ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے تعاون سے وقارالنساء کالج برائے خواتین میں جاری ٹورنامنٹ کاافتتاح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر نے کیا
اس موقع پر کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سائرہ مفتی، وائی ای ایس کے صدر زاہداعوان، ڈی ایس او شمس توحید عباسی ، شفقت نیازی،آفیشلز اورکھلاڑیوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔
پہلے روز گروپ اے کاافتتاحی میچ ملتان اور آزادکشمیر کے مابین ہوا، ملتان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کی اور84رنز کا ٹارگٹ دیا، جواب میں آزادکشمیر کی ٹیم نے 48رنز بنائے، اس طرح ملتان نے پہلامیچ 35سکور سے جیت لیا، ملتان کی کپتان بختاور 43رنز اور2وکٹیں لینے پرپلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ دوسرے میچ میں آزادکشمیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 28رنز بنائے
جس کے جواب میں پشاور نے بغیر کسی نقصان تارگٹ پورا کرلیا، پشاورکی کپتان مدیحہ پلیئرآف دی میچ قرار پائیں۔ تیسرے میں ملتان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کی اور 69رنز کاٹارگٹ دیا جس کے جواب میں پشاورکی ٹیم صرف 36رنز بناسکی، ملتان کی سمیعہ 3وکٹیں لینے پر پلیئرآف دی میچ قرار پائیں۔ اس طرح گروپ میں ناقابل شکست ملتان نے فائنل کاٹکٹ کٹوالیا۔
آج گروپ بی میں وائی ای ایس راولپنڈی، وائی ای ایس اسلام آباد اور ڈی سی الیون راولپنڈی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ کھیل بھی ضروری ہے اورتعلیمی اداروں کوچاہئے کہ بچوں کو کھیل کے مواقع مہیاکریں۔ انہوں نے خوبصورت ایونٹ کے انعقاد پر انتظامیہ اور کھلاڑیوں کومبارکباد پیش کی۔