آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ،پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بھارت بدستور پہلے، آسٹریلیا دوسرے جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لئے ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کی جنگ جاری ہے، بھارت 360 کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے، بھارتی ٹیم نے 3 سیریز میں مجموعی طور پر7 میچز کھیلے اور سب میں کامیابی حاصل کی۔
آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کےخلاف ٹیسٹ میں جیت کا صلہ مل گیا ہے اوروہ 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کینگروز نے بھی 3 سیریز میں 10 میچز کھیلے، 7 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 2 میچوں میں اسے شکست بھی ہوئی۔پاکستان کا 80 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے، گرین کیپس نے 2 سیریز میں 4 میچز کھیلے، سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں زیر کیا، ایک مقابلہ ڈرا رہا جب کہ 2 میچوں میں اسے شکستوں کا سامنا رہا۔

سری لنکا کے بھی 80 پوائنٹس ہیں تاہم پاکستان سے ایوریج میں کمی کے باعث اس کا چوتھا نمبر ہے، آئی لینڈرز نے 2سیریز میں 4میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی، ایک ڈرا رہا جبکہ 2 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔نیوزی لینڈ 60 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، کیویز نے 2 سیریز کے دوران 5 میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میچوں میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ 56 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، انگلش سائیڈ نے 2 سیریز میں 6 میچز میں حصہ لےکر 2 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست کا سامنا رہا جب کہ ایک میچ برابر رہا۔جنوبی افریقا 30 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، ساؤتھ افریقا نے 2 سیریز کے 4 میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی، 3 میں اسے شکست کا سامنا رہا۔ ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی ٹیموں نے ایک، ایک میچز کھیلے ہیں، دونوں ٹیموں کو شکستوں کا سامنا رہا اور پوائنٹس ٹیبل میں بغیر کسی پوائنٹ کے بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

error: Content is protected !!