راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈی سی الیون راولپنڈی نے پہلی راولپنڈی ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ملتان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈی سی الیون کی نمیرا فائنل کی پلیئر آف دی میچ جبکہ ملتان کی کپتان بختاور ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ یوتھ ایجوکیشن اینڈسپورٹس ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے تعاون سے وقارالنساء کالج برائے خواتین میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ملتان کی کپتان بختاور نے ٹاس جیت کر ڈی سی الیون راولپنڈی کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا ڈی سی الیون نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 10اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 105رنز بنائے
ڈی سی الیون کی آمنہ 21اور عائشہ 19رنز بناکر نمایاں رہیں، ملتان کی جانب سے بختاور نے 2جبکہ سمیعہ، نادیہ اور مائدہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بڑا ٹارگٹ دیکھ کر ملتان ٹیم لڑکھڑا گئی اور مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 61سکور کرسکی، ملتان کی جانب سے بختاور 40رنز ناٹ آئوٹ کیساتھ نمایاں رہیں، ڈی سی الیون راولپنڈی نمیرا نے 3جبکہ صباء نے ایک وکٹ لی، اس طرح ڈی سی الیون راولپنڈی نے فائنل میچ میں ملتان کو 55رنز سے شکست دے کر ونر ٹرافی اورگولڈمیڈل جیت لئے۔ ڈی ایس او شمس توحیدعباسی نے یوتھ ایجوکیشن اینڈسپورٹس ویلفیئرسوسائٹی کے صدر زاہداعوان، پروفیسر مریم، ناصراسلم راجہ ،صنوبرگل، شفقت نیازی اور ڈاکٹرمحمدحسین کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔ فائنل میچ میں امپائرنگ سلیم بٹ اوروقار جبکہ سکورنگ کے فرائض صباء ملک نے سرانجام دئیے۔