لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، سیاحت وآثار قدیمہ پنجاب احسان بھٹہ کی زیرصدارت اہم اجلاس نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی ای لائبریری میں منگل کے روز منعقد ہوا،جس میں ڈویژن اور ڈسٹرکٹ افسران کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، سیاحت وآثار قدیمہ پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی
پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس گیلری بنائی جائے گی جس میں قومی ہیروز اور تاریخی ایونٹس کی تصاویر بھی نصب کی جائیں گی،ہر ماہ ڈویژن اور ڈسٹرکٹ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات کریں گے تاکہ وہ سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لے سکیں، بین الاقوامی ٹائیٹلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن تسنیم احمد، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، تمام ڈویژنل وڈسٹرکٹ سپورٹس افسران و دیگر نے شرکت کی
ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن تسنیم احمد، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اورتمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں سپورٹس کی 315 سہولیات موجود ہیں جبکہ سپورٹس کی 193سکیموں پر کام تیزی سے ہورہا ہے، یوتھ کے 7 منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، لاہور ڈویژن میں 80 ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے جن میں سے 22تکمیل کے مراحل میں ہیں،سرگودھاڈویژن میں 12، ڈی جی خان میں 22، ملتان میں 21اور گوجرانوالہ میں 24، فیصل آباد18، ساہیوال میں 21، راولپنڈی میں 16 سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔
سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، سیاحت وآثار قدیمہ پنجاب احسان بھٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سپورٹس کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سپورٹس کی ترقی و فروغ کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں، کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نئے منصوبے بنائیں گے، نوجوانوں میں سپورٹس کا شوق پیدا کرنے کے لئے پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس گیلری بنائی جائے گی جس میں تاریخی اور یادگار تصاویر بھی لگائی جائیں گی، نچلی سطح سے نیا ٹیلنٹ آگے لا یا جائے گا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن دی جائیگی، محکمہ سپورٹس، سیاحت، امور نوجوانان اور آثار قدیمہ تاریخی قدم اٹھا رہا ہے، 8 جنوری کو محکمہ اسپیشل ایجوکیشن سے ایک ایم او یو پر دستخط کررہے ہیں جس کے تحت پنجاب کے اسپیشل تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبہ کو تاریخی مقامات کی مفت سیر اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے، انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور ان سکیموں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ نے بہاولپور میں یتیم بچوں کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے پر تعریف کی ، شرکاء نے تالیاں بجا کر داد دی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس کو بتایا کہ کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے، بین الاقوامی ٹائیٹلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں،پنجاب میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے جس کا وقتاً فوقتاً جائزہ بھی لیا جارہا ہے، منصوبوں میں معیار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ہر کھیل سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے ہر کھیل کی ہر ماہ ایک چیمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے، 8جنوری کو پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ منعقد کررہے ہیں جس میں پنجاب کے 9ڈویژنز سے انڈر 6،8،10،12،14،16اور 18کھلاڑی شرکت کریں گے۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد کررہے ہیں جس سے نوجوان میں سپورٹس کا رحجان بڑھ رہا ہے۔