سٹارکرکٹرز کاقومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

‏لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ2020 میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی، کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم بابراعظم، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین پرامید ہیں کہ نوجوان کھلاڑی ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

‏مختلف ادوارمیں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کرکٹرز متفق ہیں کہ انڈر 19 کرکٹ ، کسی بھی کھلاڑی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی پہلی سیڑھی ہے۔

اظہر علی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2002 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

بابراعظم،آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010 اور 2012 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2012 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے بابراعظم ،ایونٹ کے چھ میچوں میں 287 رنز بناکر سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔

گذشتہ ورلڈکپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نسیم شاہ اور محمد حسنین اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیاکپ 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

فخر زمان کراچی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔

اظہر علی:

اظہرعلی نے کہا کہ انڈر 19 کرکٹ ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ میں بے خوف کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہناہے کہ کپتان انڈر 19 کرکٹ ٹیم روحیل نذیر اور حیدر علی نے قائداعظم ٹرافی20-2019 کے فائنل میں ناردرن کی نمائندگی کی تھی، بطور حریف کرکٹر وہ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے۔

اظہرعلی نے کہا کہ انڈر 19 ورلڈکپ میں شرکت سے کھلاڑیوں میں دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔

‏بابراعظم:

بابراعظم کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا۔ نوجوان بلے بازوں کو مشورہ دیتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی پچز پر گیند باؤنس ہوتاہے لہٰذا نوجوان کھلاڑیوں کو مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی متحد ہوکرکھیلیں گے توایونٹ میں کامیابی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

فخر زمان:

فخر زمان کاکہنا ہےکہ انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے چند کرکٹرز، جن میں روحیل نذیر اور حیدر علی نمایاں ہیں، وہ ان کے ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر کا کہنا ہےکہ انڈر 19 کرکٹ ، ایک کھلاڑی کی بنیاد بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ورلڈکپ قومی انڈر 19 اسکواڈ میں شامل کئی کھلاڑیوں کے لیے اپنی پہچان بنانےکا بہترین موقع ہے۔

شاہین شاہ آفریدی:

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہےکہ وہ قومی انڈر کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان روحیل نذیر اور اسکواڈ میں شامل اسپنر آرش علی خان کے ہمراہ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل قومی انڈر 19اسکواڈ متوازی ہے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلرنے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کا سفر آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کے سبب شروع ہوا۔ وہ پرامید ہیں کہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑی، میگاایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

نسیم شاہ :

حال ہی میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والےنوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہےکہ وہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اس ٹیم کی خاصیت، متحد ہوکر میدان میں اترنا ہے۔

نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میگاایونٹ میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ روانہ ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے وہ خود سب سے بڑی مثال ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ادراک ہے کہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کی بدولت وہ قومی اسکواڈ میں جگہ بناسکتے ہیں۔

محمد حسنین:

نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا کہنا ہےکہ قومی انڈر 19 کرکٹ اسکواڈ، بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ وہ اپرمید ہیں کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔

مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔

وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔

آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔

اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔

فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔

شیڈول:

19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل

تعارف: newseditor