کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پی سی بی چیلنجرز نے سہ فریقی قومی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ ایونٹ کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کی فلڈلائٹس میں کھیلا گیا جہاں پی سی بی بلاسٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمہ معروف کو ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی فائنل کا انعام دیا گیا۔ ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر چیمپئن ٹیم کی اوپنر منیبہ علی کو پلیئر آف چیمپئن شپ قرار دیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پی سی بی بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ اوپنر جویریہ خان 43 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹر رہیں۔ 35 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پی سی بی چیلنجرز کی صباء نذیر نے 2 وکٹیں حاصل کی۔جواب میں پی سی بی چیلنجرز نے کپتان بسمہ معروف کی نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 7 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ بسمہ معروف نے 46 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بسمہ معروف کی یہ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری تھی۔ ندا ڈار نے 30 رنز اسکور کیے۔ پی سی بی بلاسٹرز کی کپتان رامین شمیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ اور رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔پلیئر آف چیمپئن شپ کو پچیس ہزار جبکہ پلیئر آف دی فائنل کو دس ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی