نوجوان کھلاڑیوں کے لیےصلاحیتوں کا لوہا منوانے کا وقت آگیا، اعجاز احمد

پریٹوریا(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں شرکت کی غرض سے جنوبی افریقہ میں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈنے جمعرات کو پوچیف اسٹروم کے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اسپورٹس ویلج میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔17جنوری سے شروع ہونے والےایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں اپنے سفر کے آغاز سے قبل پریٹوریا میں نائیجیریا اور سری لنکا کے خلاف دونوں وارم اپ میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بدھ کی شام پریٹوریا سے پوچیف اسٹروم پہنچی تھی۔

اعجاز احمد، ہیڈ کوچ قومی انڈر 19 ٹیم:

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ سے قبل قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہاکہ پہلے وارم اپ میچ میں نائیجیریا جیسی قدرے کمزور ٹیم سے مقابلہ ہوا، حریف ٹیم کو 109 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد قومی انڈر19 ٹیم کے بلے بازوں کو بھی زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اوپنر حیدر علی کی برق رفتار نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے وارم اپ میچ میں 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اعجاز احمد نے کہا کہ سری لنکا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ اصل پریکٹس میچ تھا تاہم فہد منیر کی نصف سنچری سمیت محمد حارث اور حیدر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت قومی انڈر 19 ٹیم نے دوسرے وارم اپ میچ میں بھی باآسانی کامیابی حاصل کی۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہےکہ انڈر 19 ورلڈکپ میں ان کاپہلا ہدف گروپ مرحلے میں ٹاپ کرنا ہے تاکہ ٹیم کوارٹر فائنل بھی پوچیف اسٹروم میں کھیلےکیونکہ گروپ مرحلے کے اختتام پر دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو اپنا کوارٹرفائنل میچ جوہانسبرگ میں کھیلنا ہوگا ، انہیں امید ہےکہ نوجوان کھلاڑی جلد پوچیف اسڑوم کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔

ہیڈ کوچ نے کہاکہ جنوبی افریقہ پہنچنے کے اگلے روز ہی قومی انڈر 19 ٹیم نےاپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلا، جس کے باعث نوجوان کرکٹرز کی باؤلنگ میں ردھم کی کمی نظر آئی مگر سری لنکا کے خلاف عباس آفریدی ، محمد عامر خان، عامر علی اورطاہر حسین نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ، اس دوران قاسم اکرم اور فہد منیر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اعجاز احمد کا کہنا ہےکہ قومی انڈر 19 اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ پہنچنے سے قبل تمام کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ طویل دورانیئے کے تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔ اعجاز احمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہےکہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیےایک قدم آگےآئیں۔

اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔

مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔

وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔

آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔

اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔

فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔

شیڈول:

19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل

تعارف: newseditor