ڈھاکہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، محمود اللّٰہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔تین میچوں کی سیریز کے لیے اَن کیپ فاسٹ بولر حسن محمود کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔اوپنر تمیم اقبال کی افغانستان کے خلاف ہوم سیریز اور زمبابوے اور بھارت کے دورے کے بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ مصدق حسین، عرفات سنی، تیج الاسلام اور ابو حیدر کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حسن محمود ٹیم کا مستقبل ہے، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں یہ بہترین وقت ہے کہ اسے موقع دیا جائے۔سیکیورٹی وجوہات کے باعث وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کے پاکستان نہ جانے پر اُنہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔32 سالہ مشفق الرحیم نے بھی تصدیق کی ہے کہ بدھ کو پاکستان جانے والے اسکواڈ کے ساتھ نہیں ہوں گے۔
مشفق الرحیم نے گذشتہ روز صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ بہت پہلے کرلیا تھا اور بورڈ کو بھی آگاہ کردیا تھا، جبکہ ایک خط بھی جمع کروایا تھا، میری فیملی کو تشویش ہے لہٰذا میں ٹیم کے ساتھ نہیں جارہا۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیل مک کینزی، اسپن بولنگ کوچ ڈینیل ویٹوری اور فیلڈنگ کوچ رایان کوک بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان نہیں جارہے۔
بنگلادیشی اسکواڈ
ٹی 20 سیریز کے لیے بنگلادیشی اسکواڈ میں محمود اللّٰہ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نظم الحسین، لٹن داس، محمد مٹھن، عفیف حسین، مہدی حسن، امین الاسلام، مستفیض الرحمٰن، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود شامل ہیں۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 24 جنوری سے لاہور میں کھیلی جائے گی۔