لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹرز کی تیاریاں جاری ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے قذافی اسٹیڈیم جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں میچ پریکٹس کی۔پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔
اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ایک بار پھر میچ پریکٹس پر توجہ دی، اس کے علاوہ کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ میں بھی حصہ لیا۔ جمعرات کو کھلاڑی آخری ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔اس موقع پر اسٹارآل راؤنڈر شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بنگلہ دیش کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، امید ہے اچھے میچز ہوں گے۔
دوسری جانب بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں کی بھی ٹریننگ جاری ہے جنہوں نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پریکٹس میچ کھیلا۔دوسری جانب بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم تقریباً 12 سال بعد آج خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ رہی ہے، محمود اللّٰہ کی قیادت میں مہمان ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔کل دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی جائے گی۔