لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نے بنگلہ دیش کوپہلے ٹی ٹونٹی میچ میں5وکٹوں سے شکست دے کرتین میچوں کی سیریزمیں1-0سے برتری حاصل کرلی،شعیب ملک نے 58رنزکی نا قابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرارپائے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محموداللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کر مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جبکہ گرین شرٹس نے 142رنز کا ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر 19.3اووروں میں 5پورا کر لیا ۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم اوراحسان علی نے آغاز کیا تاہم کپتان بابراعظم پہلے اوورکی دوسری گیندپربغیرکوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد آنے والے محمدحفیظ بھی زیادہ بہترکھیل کامظاہرہ نہ کرسکے اور17رنزبناکرمستفیض رحمان کی گیندپرامین السلام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے ۔شعیب ملک اوراوپنراحسان علی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 46رنزکااضافہ کیاتاہم 81رنزپراحسان علی36رنزبناکرامین السلام کی گیندپرنجمل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر شعیب ملک کا ساتھ چھوڑ گئے۔
چوتھی وکٹ 117کے مجموعے پر گری جب افتخاراحمد16رنزبناکرشفیع الاسلام کی گیندپرلٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔133کے مجموعی سکور پر عمادوسیم 6رنزبناکرالاامین حسین کی گیندپربولڈہوگئے۔شعیب ملک 58اورمحمدرضوان5رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نی2 ،مستفیض رحمان،امین الاسلام اورال امین حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔
بنگلہ دیشی اوپنرز تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا اعتماد سے آغاز کیا اور تمام پاکستانی باؤلرز کو سنبھل کر کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 71رنز بنائے۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب غیرضروری طور پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں تمیم اقبال کی 39رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔لٹن داس اور محمد نعیم پر مشتمل جوڑی نے تیزی سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن 98 کے مجموعی اسکور پر ایک اور رن آؤٹ کے نتیجے میں پاکستان کو لٹن داس کی وکٹ بھی مل گئی۔
اگلی ہی گیند پر شاداب خان کو بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میںمحمد نعیم 43رنز بنانے کے بعد افتخار کو آسان کیچ دے کر پویلین واپس لوٹ گئے۔بنگلہ دیش کے بلے باز بڑے اسکور کی کوشش باؤنڈریز کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے لیکن پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے مہمان بلے بازوں کو زیادہ کھل کر بیٹنگ کا موقع نہ دیا۔119 کے مجموعی اسکور پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عفیف حسین بھی وکٹ گنوا بیٹھے، حارث رؤف نے ان کی وکٹیں بکھیر کر انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔
سومیا سرکار بھی صرف 7رنز بنا سکے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اننگز کے آخری اوور میں بنگلہ دیش نے 13رنز بنا ئے بنگلہ دیش کی جانب اوپنرز محمد نعیم اور تمیم اقبال 43 اور 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ دیکھنے کے لئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا جنہیں انتہائی سخت چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔
لاہور پولیس کے دس ہزار سے زائد افسران اور اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات رہے جبکہ رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ۔ شائقین کرکٹ نے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بھرپور سپورٹ کی ۔