بابر اعظم، محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ،بنگلہ دیش دوسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز دونوں ہار گیا

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بنگالی ٹائیگرز کو 9 وکٹوں سے شکست ۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ جبکہ کپتان بابر اعظم مین آف دی میچ قرار پائے گئے۔پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ‘پاکستان نے 137رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیاکپتان بابر اعظم 66 اور محمد حفیظ 67 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے‘بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 65 رنز کی شاندار اننگ کھیلی ‘محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں‘شعیب ملک کے بعد حفیظ نے بھی کارکردگی دکھا کر ناقدین کے منہ بند کر دئیے ہیں۔شاندار بلے بازی پر کپتان بابر اعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا‘دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی  کل  کھیلا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کیخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے تمام شعبوں میں بنگال ٹائیگرز کو آئوٹ کلاس کر دیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگال ٹائیگرز کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 136 رنز بنا سکی۔

شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو ابتداء میں ہی کامیابی دلا دی اور بنگلہ دیش ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد نعیم صرف پانچ کے مجموعی رنز پر کوئی سکور بنائے وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 22 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب مہدی حسن محمد حسنین کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 9 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی لٹن داس ہیں جنہیں شاداب خان نے صرف 8 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔بنگال ٹائیگرز کو چوتھا جھٹکا محمد حسنین نے اس وقت دیا جب سیٹ بیٹسمین عفیف حسین 86 کے مجموعی سکور پر 21 رنز بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں حارث رئوف کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ایک جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب تمیم اقبال نے انتہائی ذمہ دارانہ اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ 53 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر عماد وسیم کی تھرو پر رن آئوٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ 126 کے مجموعی سکور پر گری اور کپتان محمود اللہ 12 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔پاکستان کی جانب سے تمام بائولرز نے مجموعی طورپر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم محمد حسنین سب سے کامیاب بائولر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رئوف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پاکستان کو پہلا نقصان احسان علی کی صورت میں 6 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ 7 گیندوں پر بنا کوئی سکور بنائے شفیع السلام کی گیند پر محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ تاہم اس موقع پر سینئر بلے باز محمد حفیظ کھیلنے کیلئے آئے اور کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

دونوں بلے بازوں نے گرائونڈ کے چار وں اطراف آزادانہ سٹروکس کھیلے اور مطلوبہ 137 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ محمد حفیظ 67 جبکہ کپتان بابر اعظم 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ یوں پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا آخری میچ (کل) بروز پیر کو قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے تیسرے میچ میں بھی فتح حاصل کرنا ہو گا۔

error: Content is protected !!