راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہوگی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 4 فروری بروز منگل سے شروع ہوگی۔شائقین کرکٹ 7 سے 11 فروری تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹیں ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹر سے خرید سکتے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایکسپریس سنٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت منگل کی دوپہر 2 بجے سے شروع ہوگی۔

5 فروری کو عام تعطیل کے باوجود پلاٹ نمبر 394/اے، پوٹھوہار روڈ نزد پولیس اسٹیشن، سیکٹر آئی نائن میں واقع ٹی سی ایس ایکپریس سنٹر میں ٹکٹوں کی فروخت جاری رہے گی۔ شائقین کرکٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ٹی سی ایس سنٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کی سہولت اور دلچسپی کے پیش نظر ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے ہیں۔سات تا گیارہ فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔سیریز میں شامل واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

شیڈول:

7 تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
3 اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
5 تا 9 اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی

تعارف: newseditor