اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ کلب اور ائیر پورٹ جیمخانہ کی کامیابی

کراچی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مذید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان کرکٹ کلب نے اسٹوڈنٹ کرکٹ کلب کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دیدی اسٹوڈنٹ کرکٹ کلب کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29۰4 اوورز میں 79 رنز بناکر آوٹ ہوگئی عدنان شاہ نیازی نے 26 رنز اور بلال عزیز نے 16 رنز ناٹ آوٹ اسکور کئے۔

دانش عزیز نے تباہ کُن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف پانچ رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ اکبر الرحمٰن اور رمیز راجہ جونئیر نے بالترتیب 12 اور 14 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جواب میں پاکستان کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 80 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا ۔کپتان سرفراز احمد نے 36 گیندوں پر چھ چوکّوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز اور عمیر بن یوسف نے تین چوکّوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست 27 رنز اسکور کئے۔ طلحٰہ عباس نے 15 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ایمپائرنگ کے فرائض سید فہیم احمد بخاری اور محمد یونس نے سر انجام دیے جبکہ سید مستجاب عالم آفیشل اسکورر تھے۔

ٹی ایم سی گراونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ائیر پورٹ جیمخانہ نے طارق میموریل کرکٹ کلب (ٹی ایم سی) کو باآسانی 250 رنز سے شکست دیدی ائیر پورٹ جیمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز اسکور کئے نوجوان انڈر-19 بیٹسمین جہانزیب سلطان نے 91 گیندوں پر دس چوکّوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے جارحانہ سینچری 123 رنز اسکور کی نوجوان بیٹسمین ہریر شاہد نے چھ چوکّوں کی مدد سے 63 رنز بہادر علی نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 49 رنز اور نوجوان انڈر 19 آل راونڈر محمد طحٰہ نے تین چوکّوں کی مدد سے 38 رنز اسکور کئے طلحٰہ ملک نے 52 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور اذلان عمران نے 56 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جواب میں ٹی ایم سی کرکٹ کلب کی پوری ٹیم 26۰3 اوورز میں 79 رنز بناکر آوٹ ہوگئی عابد حسین نے 25 رنز اور توحید مشتاق نے 22 رنز اسکور کئے عادل اعجاز نے 19 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ انور علی اور محمد طحٰہ نے بالترتیب 14 اور 19 رنز دے کر ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ عقیل عادل اور وسیم الدین نے ایمپائرنگ کے فرائض سر انجام دیے جبکہ محمد احسن آفیشل اسکورر تھے۔

تعارف: newseditor