راولپنڈی(سپورٹس لنک رپوٹ) راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے، دن کے اختتام پر گرین شرٹس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا لیے ہیں ۔ راولپنڈی میں ہونیوالے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مشتمل پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی محتاط بیٹنگ جاری رہی۔ اوپنر عابد علی کوئی رن بنائے بغیر ابو جاوید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔
کپتان اظہر علی اور شان مسعود نے دوسری وکٹ کے لیے 91 رنز جوڑے جس کے بعد اظہر علی 34 رنز بنا کر ابو جاوید ہی گیند پر خراب شاٹ کھیل کر پوویلین لوٹے ، شان مسعود اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران شان مسعود نے اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد وہ 100 رنز بنا کر تائیجل الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوئے،مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جب کہ ان کے ہمراہ اسد شفیق نے بھی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے دن کے اختتام پر قومی ٹیم کا سکور 342 رنز تک پہنچادیا، بابر143 اور اسد شفیق60رنزکے ساتھ کریز پر موجود ہیں- قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض اظہر علی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ فواد عالم کو ایک بار پھر نظرانداز کردیا گیا ہے۔
بنگلادیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کررہے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمد متھن، محمد اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاوید اور عباد حسین شامل ہیں۔واضح رہے کہ بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے ہیں، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ،حارث سہیل اور عباس نے 2،2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم تقریباً 17 برس بعد پاک سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، اس سے قبل 2003ء میں مہمان ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔پاکستان نے 2003ء میں کھیلی گئی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست دی تھی۔یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے پاکستان کو 3 حصوں میں تقسیم کیا تھا کیونکہ وہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ماہ کھیلی گئی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا