پوچ فیسٹروم (سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش نے انڈر-19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 3 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔جنوبی افریقہ کے شہر پوچ فیسٹروم میں کھیلے گئے انڈر-19 ورلڈ کپ کے فائنل کا ٹاس بنگلہ دیش کے کپتان اکبر علی نے جیتا اور بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کے باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
مضبوط بیٹنگ کی حامل بھارت کی جونیئر ٹیم ایویشک داس کی باؤلنگ کو سمجھنے میں ناکام رہی اور پہلی وکٹ 9 رنز پر گری جب سکسینا صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد دوسری وکٹ پر جیسوال اور تیلک ورما نے اچھی شراکت کی۔تیلک ورما 38 رنز بنا کر 103 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے اور بھارتی کپتان پریام گیرج بھی صرف 7 رنز کا اضافہ کر پائے۔بھارت کے بہترین بلے باز جیسوال نے چوتھی وکٹ میں جوریل کے ساتھ اسکور کو 156 رنز تک پہنچایا تھا کہ شریف الاسلام نے ان کی 88 رنز کی بہترین اننگز کا خاتمہ کردیا۔
جوریل 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 168 رنز تھا لیکن دیگر بلے باز مزید بڑا اسکور کرنے میں ناکام ہوئے اور پوری ٹیم 177 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔بنگلہ دیش کے 18 سالہ فاسٹ باؤلر ایوشک نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شریف الاسلام اور تنظیم حسن شکیب نے 2،2 اور رکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کرلی۔عالمی چمپیئن بننے کے لیے جب بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب کیا تو اوپنرز نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 50 رنز کی شراکت قائم کی لیکن دوسری وکٹ جلد ہی گری جب محمود الحسن 62 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مسلسل کسی رن کا اضافہ کیے بغیر مزید دو وکٹیں گریں۔
اوپنر پرویز حسین ایمون 47 رنز بنا کر اور توحید کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔شہادت حسین کی صورت میں بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 65 کے مجموعی اسکور پر گری تو بظاہر ایسا لگا کہ بھارتی باؤلر دباؤ بڑھانے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن کپتان اکبر علی نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو چمپیئن بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔بنگلہ دیش نے 41 اوورز میں 7 وکٹوں پر 163 رنز بنائے تھے اور جیت کے لیے صرف 15 رنز درکار تھے تو بارش شروع ہوئی اور کھیل کو روک دیا گیا۔
بارش تھمتے ہی بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا جس کے مطابق 30 گیندوں میں 7 رنز درکار تھے۔بنگلہ دیش نے 170 رنز کا ہدف مزید کوئی وکٹ گرائے بغیر 23 گیندیں قبل حاصل کرکے انڈر-19 کرکٹ کا عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔بنگلہ دیش کے کپتان اکبر علی کو زبردست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا انعام بھارت کے جیسوال کو ملا۔