کبڈی ورلڈ کپ بہترین انتظامات کی قلعی کھل گئی:ایرانی کھلاڑی کیساتھ بڑا کام ہو گیا

لاہور(سپورٹ لنک رپورٹ) پاکستان میں پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈکپ 2020ءکا انعقاد کیا جا رہا ہے تاہم اس میں شریک کھلاڑی ناقص انتظامی معاملات پر خفا ہیں اور اب ایرانی ٹیم کے ایک کھلاڑی کا موبائل فون چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپورٹس صحافی شعیب جٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کبڈی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پاکستان میں موجود ایرانی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی کا موبائل فون ڈریسنگ روم سے چوری ہو گیا اور اس سے بھی افسوسناک امر یہ ہے کہ چور کو پکڑنے کی بھی کوئی امید نہیں کیونکہ وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمرے بھی خراب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں بدانتظامی اس قدر عروج پر ہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اپنا میچ کھیلنے سے ہی انکار کر دیا جس کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور کھلاڑیوں کو راضی کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ میچ بھی 20 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں پہلی مرتبہ کھیلا جا رہا ہے جس میں دنیا کی 10 ٹیمیں شریک ہیں جبکہ اس کا افتتاحی میچ گزشتہ روز پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 24 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

تعارف: newseditor