کیویز نے بھارتی سورماؤں کو سبق سکھا دیا


ویلنگٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ’ کا بدلہ لے لیا۔

بھارت نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-5 سے وائٹ واش کیا تھا جس کا بدلہ نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز میں بھارت کو کلین سوئپ کرکے لے لیا۔

ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس پر بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ کے نقصان پر 296 رنز بنائے۔

بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول کی سنچری بھی بھارت کو کلین سوئپ سے نہ بچا سکی اور نیوزی لینڈ نے 5 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر کھلاڑی ہنری نیکولز نے 80 جبکہ مارٹن گپٹل نے 66 رنز بناکر میچ کا آغاز بہترین طریقے سے کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 28 گیندوں پر 58 رنز بنا کر انڈیا کو شکست کی ضرب لگائی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اننگز کے بیچ میں لڑکھڑانے لگی تھی مگر دیگر کھلاڑیوں نے میچ کو سہارا دیتے ہوئے 47.1 اوورز میں ہی 5 وکٹ کے نقصان پر 300 رنز اسکور کر کے میچ کا اختتام کردیا۔

بھارتی لیگ اسپنر یوزویندر چاہال نے 47 رنز دیتے ہوئے 3 وکٹ حاصل کیں۔

قبل ازیں بھارتی کھلاڑی راہول نے 104 گیندوں پر 112 رنز اور ان کے ساتھ شریاس آئر نے 62 رنز اسکور کر کے بھارت کی اُمیدوں کو سہارا دیا مگر دیگر کھلاڑیوں کی ناقص بیٹنگ کے باعث دونوں کھلاڑیوں کی بیٹنگ رائیگاں گئی۔

اس کے علاوہ دو بھارتی کھلاڑی پریتھوی شاؤ اور منیش پانڈے نے بالترتیب 40 اور 42 رنز بنائے۔ کپتان ویرات کوہلی بھی صرف 9 رنز بناسکے۔

1989 کے بعد بھارت پہلی بار کسی دوطرفہ ون ڈے میں 3 یا اس سے زیادہ کے میچز کی سیریز میں وائٹ واش ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ویلنگٹن میں 21 فروری سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز ہورہا ہے۔ ان دونوں میچ کے نتیجوں کو آئی سی سی کے ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شمار کیا جائے گا، جس میں اس وقت بھارت سب سے اوپر ہے۔

تعارف: newseditor