ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کے دوران اردو میں کمنٹری نشر ہوگی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان "اردو” میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے مداحوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کے لیے ٹیلی ویژن میچ کی براہِ راست نشریات کے دوران انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں رواں تبصروں کا بھی اہتمام کیا ہے۔

‏ اس حوالے سے رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز اردو میں کمنٹری کریں گے۔ سابق کھلاڑیوں پر مشتمل یہ کمنٹری پینل ناظرین کو میچ کے دوران ہر اننگز میں 5 اوورز تک اردو میں کمنٹری فراہم کریں گے، جو مقامی چینلز پر نشر ہوگی۔

علاوہ ازیں، پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کےآخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سے محو گفتگو ہوگا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی براڈ کاسٹ کوریج کے دوران کُل 28 کیمراز کا استعمال کیا جائے گا جس میں سپر سلو اور الٹرا موشن کیمراز بھی شامل ہیں۔ لیگ کے دوران اسپائیڈر کیم اور ہاک آئی بال ٹریکنگ کا نظام چاروں شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران دستیاب ہوگا۔

اس حوالے سے پی سی بی نےایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا ہے۔آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز،جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گے۔ دوسری جانب ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ایلکن ولکنز:

ایلکن ولکنز کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز سے ہی اس لیگ کا حصہ ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بھی کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو ایک تاریخی ایونٹ کو ہوگا جس کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔

جونٹی رھوڈز:

جونٹی رھوڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے انہیں یہاں آنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں بیشتر باصلاحیت نوجوان کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے جن کے میچوں کے دوران کمنٹری کے لیے وہ بہت پرجوش ہیں۔

ڈینی موریسن:

ڈینی موریسن کا کہنا ہے کہ اس بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام 34 میچز پاکستان میں کھیلے جانے ہیں اور وہ اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیگ کے دوران اعلی معیار کے براڈکاسٹ پلان کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے لیے اپنے آن لائن اسٹریم اور براڈکاسٹ شراکت داروں کا اعلان بھی کردیا ہے۔

شائقینِ کرکٹ یو ٹیوب پر ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کی لائیو اسٹریم کوریج ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔

پاکستان میں:
BSports
cricketgateway.com
Tapmad
Jazz TV
Mjunoon.tv

15 فروری تک موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دنیا بھر کے مختلف ریجنز میں مندجہ ذیل براڈکاسٹ پارٹنرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی کوریج فراہم کریں گے:

یو کے : ہم مصالحہ؛ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
یو کے کے علاوہ پورے یورپ میں لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
امریکہ، کینیڈا: وِلو ٹی وی ؛ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
کیریببین: فلو اسپورٹس؛ لائیو اسٹریم: flowsports.co & cricketgateway.com
بھارت میں لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
بنگلہ دیش میں لائیو اسٹریم: Rabbithole
سری لنکا میں لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
آسٹریلیا: بی اِن؛ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
نیوزی لینڈ: اسکائے؛ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
ملائشیا: آسٹرو
متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستیں: ایتے سلات اور ڈو؛ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com اور crickwick
قطر: ووڈافون
جنوبی افریقہ میں لائیو اسٹریم: cricketgateway.com
باقی ایشیا ء: بی اِن پر جھلکیاں نشر ہوں گئیں جبکہ لائیو اسٹریم: cricketgateway.com پر نشر ہوگی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔

تعارف: newseditor