لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)دوہزار سولہ سے شروع ہونے والی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ابتداء سے ہی دنیا کی چند بہترین ٹی ٹونٹی لیگز میں شامل ہے۔ گذشتہ چار سالوں سے جاری لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز میں محض تین روز باقی رہ گئے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ بہترین اعداد و شمار کی حامل لیگ رواں سال ترقی کی نئی منزلوں کو چھونے میں کامیاب ہوگی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے چار ایڈیشنز کے بعد مظہر ارشد کی جانب سے فراہم کردہ چند منفرد اعداد و شمار مندرجہ ذیل ہیں:
سب سے کامیاب ٹیم:
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تاحال ایچ بی ایل پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اب تک 42 میں سے 26 میچوں میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ اس حوالے سے ایونٹ میں گلیڈی ایٹرز کی جیت کا تناسب 61.90 ہے۔ پشاور زلمی 58.69 کے اعداد و شمار کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔
گذشتہ ایڈیشن کے آغاز سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ 59.67 کے وِن پرسنٹیج کے ساتھ اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ سب سے زیادہ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ وہ یہ کارنامہ 2016 اور 2018 میں انجام دے چکی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (2019) اور پشاور زلمی (2017)، ایک ایک مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں۔
زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم رنز کا مجموعہ:
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز کا مجموعہ بنانے کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں بنایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے تھے۔ ایونٹ کا دوسرا بہترین مجموعہ پشاور زلمی کا ہے جنہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنزبنائے تھے۔ ایونٹ کا تیسرا بہترین مجموعہ لاہور قلندرز نے بنا رکھا ہے۔ انہوں نے شارجہ کے میدان پر ملتان سلطانز کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔
مندرجہ بالا تینوں میچز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 کے دوران کھیلے گئے تاہم لیگ میں سب سے کم رنز کا مجموعہ ایڈیشن 2017 میں اس وقت بنا جب پشاور زلمی کے خلاف لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔
پاور پلے میں سب سے زیادہ اسکور:
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر 2 ٹیموں کے پاس ہے۔ کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز کے خلاف ابتدائی 6 اوورز میں 78 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ کراچی کنگز نے یہ اسکور ایک وکٹ جبکہ ملتان سلطانز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔
گذشتہ ایڈیشن سے قبل یہ اعزاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام تھا۔ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ایک میچ کے دوران ابتدائی 6 اوورز میں 77 رنز بنائے تھے۔
فی وکٹ اسکور:
باؤلنگ کے اعلیٰ معیار کے باعث ایچ بی ایل پی ایس ایل کا شمار دنیائے کرکٹ کی چند بہترین ٹی ٹونٹی لیگز میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں جاری لیگز کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو فی وکٹ سب سے کم رنز پر مشتمل اعداد و شمار ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاس ہیں۔ گذشتہ چار ایڈیشنز میں کھیلے گئے 116 میچوں میں 33978 رنز بنے جبکہ ایونٹ میں 23.54 کی اوسط سے 1443وکٹیں گریں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں رن ریٹ:
گذشتہ ایڈیشن میں کھیلے گئے 34 میچوں کے دوران لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن ریٹ کے ساتھ اسکور بنے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 میں رن ریٹ 7.98 رہا جو کہ ایڈیشنز 2018 اور 2017 میں 7.74رہا تھا۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں ٹیموں کی جانب سے رنز بنانے کی اوسط 7.62 رہی۔
مسلسل جیت کا سلسلہ:
اسلام آباد یونائیٹڈ مسلسل 6 میچز جیت کر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بہترین وننگ اسٹریک کا اعزاز رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 2016 سے 2017 تک قائم کیا۔
ایڈیشن 2018 میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل 5 میچز جیتے تھے۔ اس کے علاوہ لیگ میں شامل کوئی اور ٹیم مسلسل پانچ میچز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
کامیاب ترین بلے باز:
پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل 1286 رنز بناکر ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔ 29.22 کے اوسط سے رنز بنانے والے کامران اکمل کا اسٹرائیک ریٹ 134.51 ہے۔ گذشتہ چاروں ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل ایونٹ میں 2 سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شامل سب سے کامیاب غیرملکی کھلاڑی، شین واٹسن ہیں۔ ابتدائی 2 ٹورنامنٹس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور گذشتہ 2 ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شین واٹسن تاحال لیگ میں 33.75 کی اوسط سے 1114 رنز بناچکے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں سنچریاں:
لیگ میں اب تک پانچ سنچریاں بن چکی ہیں، جس میں سے 2 گذشتہ ایڈیشن میں اسکور ہوئیں۔ کراچی کنگز کے کولن انگرام (127 ناٹ آؤٹ) اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈیلپورٹ (117ناٹ آؤٹ) نے ایڈیشن 2019 میں سنچریاں بنائیں۔
اس کے علاوہ کامران اکمل نے ایونٹ میں 2 سنچریاں (104 اور 107 ناٹ آؤٹ) بنائیں تاہم ایونٹ کی پہلی سنچری لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں شرجیل خان نے بنائی تھی۔ انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف 117 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
سب سے خطرناک بلے باز:
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی ایونٹ میں سب سے خطرناک بلے باز تصور کیے جاتے ہیں۔ لیگ میں 200 رنز بنانے والے 51 بہترین بلے بازوں میں سب سے بہترین 169.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کرنے والے لیوک رونکی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں۔
مقامی کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز آصف علی کا اسٹرائیک ریٹ سب سے بہترین ہے۔ آصف علی نے اب تک ایونٹ میں 164.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔
تیز ترین نصف سنچریاں:
لیگ میں تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ مشترکہ طور پر پشاور زلمی کے کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کے پاس ہے۔ دونوں کھلاڑی ایونٹ کے دوران 17 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
کامران اکمل نے یہ کارنامہ 2018 جبکہ آصف علی نے 2019 میں انجام دیا۔
سب سے زیادہ چھکے:
ایونٹ میں تاحال سب سے زیادہ چھکے بنانے کا ریکارڈ بھی کامران اکمل کے پاس ہے۔ وہ ایونٹ کے گذشتہ چار ایڈیشنز میں 67 اور شین واٹسن 65 چھکے لگا کر اس فہرست میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔تیسرے نمبر پر موجود آصف علی کے چھکوں کی تعداد 46 ہے۔
سب سے کامیاب باؤلر:
ایونٹ کے سب سے کامیاب باؤلر کا اعزاز پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے پاس ہے۔ چاروں ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے وہاب ریاض کی اب تک لیگ کے دوران وکٹوں کی تعداد 65 ہے۔ وہاب ریاض کی لیگ کے دوران باؤلنگ ایوریج 17.38 ہے۔
پشاور زلمی کے ہی حسن علی 51 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔
ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دس بہترین باؤلروں کی فہرست میں کوئی غیرملکی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ شین واٹس اور ٹیمل ملز 23،23 وکٹیں حاصل کرکے لیگ کے سب سے کامیاب غیرملکی باؤلرز ہیں۔
پانچ وکٹیں:
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب تک چھ باؤلرز ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ گذشتہ ایڈیشن میں یہ کارنامہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے انجام دیا۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
ایونٹ کے ابتدائی ایڈیشن میں روی بوپارہ نے 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ یہ اب تک کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے لیگ کی بہترین باؤلنگ بھی ہے۔
عمر گل 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے تیسرے نمایاں باؤلر ہیں۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، شاہد آفریدی اور محمد سمیع ایک ایک مرتبہ ایونٹ کے دوران میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سب سے زیادہ میڈن اوورز:
لیگ میں سب سے زیادہ مرتبہ میڈن اوورز کروانے کا منفرد ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ وہ اب تک ایونٹ میں 5 مرتبہ میڈن اوورز کرواچکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر محمد عامر کا ہے۔ جن کے میڈن اوورز کی تعداد 4 ہیں۔
سب سے زیادہ کیچز:
پشاور زلمی کے کامران اکمل ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سب سے کامیاب وکٹ کیپر ہیں۔ وہ وکٹوں کے پیچھے کُل 39 شکار کرچکے ہیں، جس میں31 کیچز اور 8 اسٹمپ آؤٹ شامل ہیں۔
کیرون پولارڈ لیگ کے دوران 24 کیچز تھام کر سب سے بہترین فیلڈر ہیں۔
سب سے زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ :
لیگ کے گذشتہ 4 ایڈیشنز میں سب سے زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ 2 وکٹ کیپرز کے پاس ہے۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 6،6 مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
کامران اکمل نے یہ کارنامہ 47 جبکہ لیوک رونکی نے 23 میچوں میں انجام دیا ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر محمد سمیع اور شین واٹسن موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑی 5،5 مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔