پاکستان سے پرانی یادیں وابستہ ہیں ،معین علی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے ملتان سلطانز میں شامل انگلش آل راؤنڈر معین علی کہتے ہیں کہ پاکستان سے پرانی یادیں وابستہ ہیں اور میں آزاد کشمیر بھی جاؤں گا۔‏ملتان سلطانز میں شامل انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے لاہور قلندرز کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں قلندرز کے خطرناک بلے بازوں کرس لین اور فخر زمان کو آوٹ کر دیا جس اس کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم میچ پر حاوی ہو گئی اور انہوں نے لاہور قلندرز کے بیٹسمینوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔‏انگلش کرکٹر کہتے ہیں کہ کرس لین اور فخر زمان اچھی بیٹنگ کر رہے تھے،کرس لین ایک خطرناک بیٹسمین ہیں، ان کی وکٹ لینا ایک بہت بڑا لمحہ تھا، ایک ہی اوور میں وکٹیں لینے سے گیم کا نقشہ تبدیل ہو گیا، اس کے بعد عمران طاہر اور شاہد آفریدی نے اچھی بولنگ کی، ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی جیت ملنا اچھی چیز ہے۔

معین علی نے کہا کہ وہ پاکستان آتے رہے ہیں اور یہاں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں، تقریبا 15 برس کے بعد دوبارہ پاکستان آیا ہوں، اب مجھے لگا کہ یہ ایک مناسب وقت کے میں پاکستان آکر کھیلوں، مشتاق احمد اور اینڈی فلاور نے بھی مجھے پاکستان آنے کے لیے بہت کہا، میں خود بھی اس حوالے سے پوچھتا رہتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ میری والدہ پاکستان میں پیدا ہوئی ہیں اس لیے میں یہاں آنا بڑی بات سمجھتا ہوں، میری نانی کی پیدائش بھی پاکستان کی ہی ہے۔ان کا بتانا ہے کہ میں انگلینڈ میں پیدا ہوا لیکن اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان آیا ہوا ہوں، میں آزاد کشمیر جاؤں گا جہاں میری والدہ پیدا ہوئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کو ایک کوالٹی لیگ قرار دیتے ہوئے معین علی نے کہا کہ پی ایس ایل کے بارے میں دنیا بھر میں لوگ ذکر کرتے ہیں، دنیا کے کرکٹرز یہاں آکر لیگ کھیل رہے ہیں، ہم کرکٹرز چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آئے، ٹیسٹ، ون ڈے اور سب فارمیٹ یہاں پاکستان میں ہوں، اس سے پہلے ہم نے پاکستان کے خلاف دبئی میں بہت کرکٹ کھیلی ہوئی ہے۔انگلش ‏آل راؤنڈر پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ سے بھی خاصے متاثر ہیں، وہ مانتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک شاندار جگہ ہے، یہاں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، مکمل پی ایس ایل کا اس ملک میں ہونا بہت بڑا کارنامہ ہے اور اس کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام یہاں کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں، کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ ایک اچھا موقع ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے اور وہ اس کا حصہ ہیں۔‏معین علی نے کہا کہ مجھے امید ہے انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اس حوالے سے پہلے ہی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، انگلینڈ کے علاوہ دوسرے ممالک کی ٹیمیں بھی ایسا سوچ رہی ہیں کہ پاکستان کا دورہ کریں۔آل راؤنڈر نے کہا کہ اس وقت 10 کے قریب انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز یہاں پی ایس ایل کے لیے موجود ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم یہاں آکر کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اب انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئے گی تو میں اس کا بھی حصہ ہوں گا۔

تعارف: newseditor