کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2020 میں دوسرے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی، فخر زمان اور کرس لِن بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔لاہور قلندرز کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب محمد موسیٰ نے کرس لِن کی اہم وکٹ حاصل کی۔تاہم اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 67رنز کی شراکت قائم کی۔
فخر نے 26گیندوں پر 33رنز بنائے تھے کہ حریف کپتان شاداب خان نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ابھی قلندرز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ کپتان سہیل اختر اور ڈین ولاس دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔دوسرے اینڈ سے محمد حفیظ عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سمیت پٹیل کے ساتھ 51رنز جوڑے جس میں ان کا اپنا حصہ 41رنز کا رہا۔فہیم اشرف کی ایک گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اختتامی اوورز میں حفیظ اور ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنانے میں کامیاب رہی۔حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57گیندوں پر 7 چکووں اور 7چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویزے نے 9گیندوں پر 19رنز بنائے۔
یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں 14رنز کے عوض 2وکٹیں لیں جبکہ فہیم اشرف نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاہین شاہ آفریدی نے شروع میں ہی لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے بڑی کامیابی دلائی جب اسکور صرف 3 رنز تھا جس کے بعد محمد حفیظ نے ایک اور خطرناک بلے باز کولن منرو کی وکٹ حاصل کرلی جس کے باعث اسلام آباد کی ٹیم شدید دباؤ میں آگئی۔کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر اسکور کو 62 رنز تک پہنچایا لیکن اس مرتبہ ڈیوڈ ویزے نے ملان کی وکٹیں اڑا دیں جنہوں نے 22 رنز بنائے تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 52 رنز کی شان دار اننگز کھیلی لیکن انہیں 91 کے مجموعی اسکور پر حارث رووف نے پویلین بھیج دیا۔
کولن انگرام نے ایک اوور 20 سے زائد رنز حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا تھا لیکن سمت پٹیل اور شاہین شاہ آفریدی نے آصف علی اور انگرام کو آؤٹ کرکے میچ کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی لیکن دوسری طرف سے یونائیٹڈ کے بلے باز ہار ماننے کو ہر گز تیار نہیں تھے اور اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔حارث رووف نے خطرناک عزائم کا اظہار کرنے والے فہیم اشرف کی وکٹ اہم موقع پر حاصل کی جب اسکور 152 رنز ہوچکا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے عماد بٹ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 163 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لے کر گئے، عثمان شنواری نے لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور کیا جس کا سامنا موسیٰ خان اور احمد صفی عبداللہ نے کیا۔
موسیٰ خان نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر لاہور قلندرز کے اوسان خطا کردیے یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ ایک وکٹ سے جیت کر دوسری کامیابی سمیٹ لی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 183 رنز کا ہدف ایک گیند قبل ہی 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔موسیٰ خان نے 17 اور احمد صفی عبداللہ نے 8 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو شان دار کامیابی دلا دی۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں لیکن ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں
حارث رووف نے 2، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے اور پٹیل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا تھا کہ لاہور قلندرز مضبوط ٹیم ہے اور میچ میں بہترین کارکردگی دکھانےکی کوشش کریں گے۔لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی باؤلنگ کرتے اور اس وکٹ پر 170 سے زائد رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔