لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنے سفر کا آغاز 26فروری بروز بدھ کو کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈرینکنگ میں پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔انفرادی رینکنگ میں بسمہ معروف دنیا کی 11ویں بہترین بیٹر اور انعم امین 13ویں بہترین باؤلر ہیں۔
17 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کْل 23 میچز کھیلے جائیں گے جہاں دنیا بھر کے 10 بہترین ممالک کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کی اس جنگ میں صف آرائ ہوں گی۔ میزبان آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا کے چار شہروں، سڈنی، پرتھ، کینبرا اور میلبرن میں کھیلاجائے گا۔ ایونٹ کا فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ بی میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم26فروری کو کینبرا میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈکے خلاف میچ کھیلیگی، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم سڈنی روانہ ہوجائے گی جہاں وہ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اب تک کھیلے گئے تمام آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کی ہے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پرامید ہے۔
مسلسل ساتویں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والی بسمہ معروف پہلی مرتبہ عالمی کپ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔میگا ایونٹ کے لیے نیشنل ویمنز اسکواڈ میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں جویریہ خان، منیبہ علی، انعم امین اور ندا ڈار شامل ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2018 سے لے کر اب تک پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کْل 14 ٹی ٹونٹی میچوں میں شرکت کرچکی ہے، جس میں سے پاکستان کو 6 میں کامیابی اور 7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک میچ ابتدائی طور پر برابر رہا جو بعدازاں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے سپر اوورمیں اپنے نام کرلیا۔
تاحال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی بیٹر کی بہترین اننگز 74 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ جویریہ خان نے یہ ریکارڈگذشتہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔انہوں نے 52گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا اعزاز انعم امین کو حاصل ہے۔ انہوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف راؤنڈ میچ میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ چنئی میں کھیلا گیا تھا۔
اس موقع پر کسی بھی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا اعزاز رکھنے والی اسپنر انعم امین ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
انعم امین، اسپنر:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپنر انعم امین کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شرکت پر بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر ان کا ہدف پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلوانا ہے۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر کا مزید کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ فی الحال خواتین باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں تیرہویں نمبر پر موجود ہیں مگر وہ شاندار باؤلنگ کے ذریعے دنیائے کرکٹ کی دس بہترین خواتین اسپنرز میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔
انعم امین نے کہاکہ انہیں بچپن سے کرکٹ سے محبت ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر محلے کے لڑکوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنا شروع کی، والدہ کی ڈانٹ کے باوجود کھیل سے لگن ان کے شوق کی پذیرائی کا سبب بنی۔ اسپنر نے کہاکہ اس دوران ان کے دادا نے انہیں بھرپور اسپورٹ فراہم کی۔
اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنائ ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔
آفیشلز:
سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ)۔
شیڈول:
26 فروری بروز بدھ: پاکستان ویمنز بمقابلہ ویسٹ انڈیز ویمنزبمقام کینبرا
28 فروری بروز جمعہ: پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنزبمقام کینبرا
یکم مارچ بروزاتوار: پاکستان ویمنز بمقابلہ جنوبی افریقہ ویمنزبمقام سڈنی
3 مارچ بروزمنگل: پاکستان ویمنز بمقابلہ تھائی لینڈ ویمنزبمقام سڈنی