آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ،فواد عالم کی آل راؤنڈ کارکردگی نے النور جیم خانہ کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار سی سی کے زیر اہتمام جاری آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ النور جیم خانہ نے میٹروپولیٹن سی سی کو 6وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ فواد عالم نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3وکٹیں لیں اور 83رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دوسرے میچ میں بلال فرینڈز نے لانڈھی فرینڈز کو 3وکٹوں سے شکست دیدی۔

رضوان محمود نے 112رنز کی فتحگر اننگز کھیلی۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ پر میٹروپولیٹن کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44اوورزمیں تمام وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائے۔ عثمان شاہ نے62رنز اور فرید شاہ نے 54رنز کی اننگز کھیلی۔ فواد عالم نے 43رنز پر3جبکہ احمد اقبال نے 39رنز کاعوض 2وکٹیں حاصل کیں۔النور جیم خانہ نے مطلوبہ ہدف 24.3اوورز میں 4وکٹوں پر 194رنز بنا کر حاصل کرلیا۔فواد عالم نے 11چوکوں کی مدد سے 83رنز بنائے۔ فرخ رضوی کی 58رنز کی اننگز میں 9چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

دونوں کھلاڑیوں کے مابین چوتھی وکٹ پر 118رنز کی شراکت قائم ہوئی۔علی عمر کو 41رنز پر 2وکٹ ملے۔ محمد ریحان اور عقیل عادل ایمپائرز جبکہ آفیشل اسکورر محمد احسن تھے۔لانڈھی جیم خانہ گراؤند پر لانڈھی جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 45اوورز میں تمام وکٹوں پر 217رنز اسکور کئے۔ معیز وقار نے 54اور عماد احمد نے 53رنز بنائے۔

بلال جاوید نے 32رنز پر 4اور علی بٹ نے 32رنز پر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بلال فرینڈز نے باآسانی 7وکٹوں پر 218رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ رضوان محمود نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 8چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے 118رنز کی اننگز کھیلی۔ اسامہ بٹ نے 4چوکے اور ایک چھکا لگا کر 44رنز اسکور کئے۔ فیصل ناصر نے 39رنزاورحبیب الرحمن نے 41رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایمپائرنگ کے فرائض عزیز الرحمن اور نوید صدیقی نے انجام دئے۔ صغیر احمد آفیشل اسکورر تھے۔

تعارف: newseditor