ملتان (سپورٹس لنک رپورٹ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مایہ ناز بلے باز شین واٹسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شین واٹسن نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کامران اکمل سے چھین لیا۔ انہوں نے یہ سنگ میل ملتان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں عبور کیا، واٹسن نے ملتان سلطانز کے باؤلر عمران طاہر کو 14 ویں اوور میں چھکا جڑ کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
کامران اکمل 73 چھکوں کے ساتھ ٹاپ پر تھے تاہم ملتان سلطانز کے خلاف 80 رنز کی دھواں دھار اننگز میں واٹسن نے 7 چھکے لگائے، جس کے بعد ان کے چھکوں کی تعداد75 ہوگئی ہے اور وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں
جبکہ سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں واٹسن دوسرے نمبر ہیں۔ زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں کامران اکمل 1459 رنز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، شین واٹس 1253 رنز کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز کے بابر اعظم 1160 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔