لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی یومِ خواتین پر اولمپئن کرن خان اور قومی ٹینس اسٹار سارہ محبوب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔پی سی بی ہمارے ہیروز مہم کے تحت 8 مارچ بروز اتوار کو دونوں خواتین ایتھلیٹ کی ملک کے لیے خدمات کا اعتراف کرے گا۔
"گولڈن گرل”کے خطاب سے مشہورسوئمر کرن خان کو13 سال کی عمر میں پہلی بارمانچسٹر میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز 2002میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی کرن خان کی خدمات کا اعتراف ورلڈ اولمپئنز ایسوسی ایشن بھی کرتی ہے۔
کرن خان اب تک 327 قومی طلائی تمغے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں 47 میڈلز اپنے نام کرچکی ہیں۔
سارہ محبوب وہ پہلی خاتون ٹینس اہتھلیٹ ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے کسی بھی ٹورنامنٹ کے مین ڈرا میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے یہ کارنامہ 2010میں انجام دیا۔انہوں نے2004 میں سب سے کم عمر قومی چیمپئن (14سال) بننے کا اعزازبھی اپنے نام کیا۔
ہمارے ہیروز مہم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020کے آغاز سے قبل شروع ہوئی تھی۔مہم کے تحت فینز اور فالوورزنے ایچ بی ایل پی ایس ایل ویب سائٹ پر اپنے پسندیدہ ہیرو کے حق میں ووٹ دئیے تھے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے والی قومی خواتین کرکٹرز بھی عالمی یومِ خواتین کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں موجود ہوں گی۔ ایونٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم(ایڈیشن 2016 کی چیمپئن) کوشکست دی تھی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اتوار کے روز لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈگ آؤٹس سے میدان تک پہنچانے میں رہنمائی کریں گی۔
اسی طرح ” مارچ میڈنس” مہم میں مزیداضافہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے خصوصی رعائیتی پیشکش متعارف کروادی ہے۔ خصوصی پیشکش کے مطابق 7تا15 مارچ تک شیڈول ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020کے11 گروپ میچز میں خواتین کے لیے ٹکٹ30 فیصد رعائیتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔
خواتین ملک بھر میں موجود ٹی سی ایس کے مخصوص مراکز سے ان میچز کے ٹکٹ رعائیتی نرخوں پر خرید سکتی ہیں۔یہ پیشکش صرف وی وی آئی پی، وی آئی پی اور پریمیئم کٹیگری کی ٹکٹوں پر دستیاب ہے۔
بابرحامد، ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی:
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابرحامد کاکہناہے کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہوتی ہیں جو کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اولین کردار ادا کرتی ہیں۔
بابرحامد کا کہنا ہیکہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران خواتین کیکردار کو اجاگر کررہا ہے۔