میلبرن (سپورٹس لنک رپورٹ)دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 85رنز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔اوپنرز ایلیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے 115رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ہیلی نے میدان میں اپنے شوہر مچل اسٹارک کی اسٹیڈیم میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 39گیندوں پر 5چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 75رنز بنائے، ہیلی 115 کے مجموعی اسکور پونم یادو کو وکٹ دے بیٹھیں۔اس کے بعد دیگر آسٹریلین خواتین بلے باز تیزی سے اسکور کرنے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتی رہیں لیکن دوسرے اینڈ سے مونی نے ناقابل شکست 78رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 78رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور دو کے مجموعی اسکور پر شفالی ورما پویلین لوٹ گئیں لیکن بھارت کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب تانیہ بھاٹیہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئیں۔بھارتی ٹیم کی مشکلات کا سلسلہ جاری رہا اور 30 کے مجموعی اسکور تک پہنچتے پہنچتے بھارتی ٹیم مزید 3وکٹیں حاصل کر چکی تھی۔30رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد دپتی شرما اور ویدا کرشنامرتی نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھام دیا اور 28رنز کی شراکت قائم کی لیکن دلیسا کمنس نے کرشنامرتی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔دپتی شرما اور ریچا گھوش نے نے مزید 30رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کی قسمت نہ بدل سکیں
اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 33 اور 18رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔بھارت کی پوری ٹیم 99رنز پر ڈھیر ہو گئی اور آسٹریلیا نے 85رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کا چیمپیئن حاصل کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ نے 4 اور جیس جوناسین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔شاندار جارحانہ اننگز کھیلنے پر ایلیسا ہیلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔