ریاض(سپورٹس لنک رپورٹ ) سعودی گیمز ٹورنامنٹ کی مجلس عاملہ نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر سعودی گیمز تا اطلاع ثانی ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی گیمز کی مجلس عاملہ نے بیان جاری کرکے بتایا کہ نئے کورونا وائرس سے متعلق تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے تعاون سے تمام نشیب و فراز دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ سعودی گیمزغیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے جائیں۔
یہ فیصلہ گیمز میں شریک کھلاڑیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ خصوصی کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ سب سے اہم کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقین کی سلامتی ہے ۔لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی گیمز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے جائیں۔نئی صورت حال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ جب بھی حالات سعودی گیمز کے انعقاد کے حق میں ہوں گے اعلان کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیزالفیصل نے اعلان کیا تھا کہ پہلے سعودی گیمز 23 مارچ سے یکم اپریل تک ریاض میں ہوں گے۔ پروگرام کے مطابق 5000 سے زیادہ کھلاڑیوں کو سعودی گیمز میں شریک ہونا تھا۔ ’ سعودی گیمز میں شرکاءکے لیے بھاری انعامات رکھے گئے تھے۔کانسی کا میڈل جیتنے والوں کو ایک لاکھ ریال،سلورمیڈل حاصل کرنے والے کو تین لاکھ ریال اور گولڈ میڈل پر دس لاکھ ریال انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔