کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پی ایف ایف ’بی‘ ڈویثرن لیگ(کلب لیگ) کا افتتاحی میچ جئے لعل فٹبال کلب ، ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کی سوات شاہین کے مابین کھیلا گیا۔ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ کی ٹیم نے 1-5سے شکست دے کر افتتاحی میچ جیت لیا ۔
انٹرنیشنل فٹبالرمحمد صدیق(پاک اسٹیل) اور سردار شاہ آزاری، ممبر جنرل کونسل ، سندھ فٹبال ایسوسی ایشن نے بحیثیت مہمان خصوصی ایونٹ کا افتتاح کیا۔انصار یونین فٹبال اسٹیڈیم کورنگی پر کھیلے گئے افتتاحی میں سوات شاہین کے عبدالولی نے 8ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو پہلے کامیابی دلائی ۔
سوات شاہین کی یہ برتری عامر خان نے 30ویں منٹ میں برابر کردی اور45ویں منٹ میں دوسرا گول بنا کر جئے لعل کو 1-2سے آگے کردیا۔
وقفہ کے دوران مہمانان خاص انٹرنیشنل محمد صدیق (پاک اسٹیل) اور سردار شاہ آزاری کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا ۔ اس موقع پر ریاض احمد، جنرل سیکریٹری ، سندھ فٹبال ایسوسی ایشن ، سید ناصر اسمٰعیل، ہیڈ کوچ ، پاکستان انڈر19، وسیم عالم، وسیم راجہ ودیگر بھی موجود تھے۔
دوسرے ہاف میں بھی جئے لعل فٹبال کلب کی جانب سے ان کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کے سلسلے کو جاری رکھا اور عامر خان نے 61ویں منٹ میں تیسرا گول اسکور رکے نہ صرف اپنی ہیٹرک مکمل کی بلکہ اسکور 1-3کردیا۔
محب اﷲ نے 70ویں اور84ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول اسکور کرکے جئے لعل کی برتری کو 1-5سے مستحکم کرکے 3قیمتی پوائنٹس اپنی ٹیم کے کھاتے میں ڈال دئے۔
ایونٹ میں ڈسٹرکٹ ملیر، ڈسٹرک ایسٹ اور ڈٖسٹرکٹ ساؤتھ کی چمپئن ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ جنہیں 3,3کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم براہ راست فائنل کھیلے گی۔ ریفری زاہد حسین کے معاونین سعید عالم اور زاہد خان ، فورتھ آفیشل شوکت حسین جبکہ میچ کمشنر جاوید بنگش تھے۔