پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام ضم اضلاع سپورٹس فیسٹول کے سلسلے میں ہیڈکوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں سپورٹس گالا کا افتتاحی تقریب منعقدہوئی جس میں ضلع مہمند میں مختلف کھیلوں کے مقابلے 23مارچ تک جاری رہینگے ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ضم شدہ اضلاع کے زیراہتمام گزشتہ روز ہیڈکوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں مہمند سپورٹس گالا کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف الاسلام نے کیا ۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند حامد اقبال، ضلعی سپورٹس منیجر سعید اختر ، علاقے کے مشران، مقامی صحافیوں ، سیاسی وفلاحی تنظیموں کے کارکنوں اور کھلاڑیوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں گلوکاروں ، اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں نے بھی اپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا جس پر مقامی کھلاڑیوں نے شاندار رقص بھی پیش کیا ۔ دریں اثنا سپورٹس منیجر سعید اختر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہمند سپورٹس گا لا میں کرکٹ، والی بال، فٹبال ، میراتھن ریس کبڈی ، سائیکل ریس ، بیڈمنٹن اور مختلف کھیلوں کے مقابلے 23مارچ تک جاری رہینگے جس میں سینکڑوں مقامی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ یوم دفاع پاکستان 23مارچ کے روز کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس سٹیڈیم غلنئی میں احتتامی تقریب کے دوران ونر ٹیموں کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیا جائے گا اور اسی روز سٹیڈیم میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور دیگر تفریحی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں سپورٹس گالا کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا جس میں مختلف قبائلی اضلاع کے پچاس ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لینگے ۔