لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں میری شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی لیگ میں مقبولیت میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) پی ایس ایل میں مزید دو نئی ٹیمیں شامل کرے اور اب اگر وہ دیکھیں کہ شعیب اختر بولی میں بیٹھا ہے تو انہیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ایک ٹیم کی ملکیت مجھے ملے۔
میں شاید وہ کھلاڑی ہوں جسے ناصرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ لوگ مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور میں پی ایس ایل کے برانڈ کو پوری دنیا میں پھیلانے کے علاوہ دنیا کے تمام حصوں سے سرمایہ کاری بھی لاؤں گا۔44 سالہ شعیب اختر نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاہ رخ جیسے اداکار کو ایک ٹیم بیچی تاکہ اپنی لیگ کی شہرت میں اضافہ کر سکیں۔ اس سے قبل رواں مہینے انہوں نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن میں راولپنڈی کی ٹیم شامل کرانے کیلئے مہم چلائیں۔