اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے مایہ ناز اسکواش کھلاڑی ہاشم خان کو آج مقبول ترین سرچ گوگل اپنا ڈوڈل تبدیل کرکے خراجِ تحسین پیش کر رہا ہے۔4 اپریل 1951 کو پاکستان کے لیجنڈری اسکواش کھلاڑی ہاشم خان نے برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ہاشم خان نے کُل 7 مرتبہ برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، 1951 سے لے کر 1956 تک انہوں نے 6 ٹائٹل جیتے۔بعدازاں 1958 میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا، ہاشم خان 1950 کی دہائی سے لے کر 1980 تک اسکواش کورٹس پر غالب رہے۔
سرچ انجن گوگل نے آج اپنا ڈوڈل اس طرح تبدیل کیا ہے کہ اس میں ہاشم خان کی طرح کھلاڑی کو اسٹروک کھیلتے دکھایا گیا ہے۔خیال رہے کہ ہاشم خان نے اپنے عمدہ کیرئیر کی وجہ سے امریکی اسکواش ہال آف فیم میں بھی جگہ بنائی جب کہ انہوں نے 7 برٹش اوپنز ،5 برطانوی پروفیشنل چیمپئن شپ ، 3 امریکی اوپنز ، اور 3 کینیڈین اوپنز جیتے۔