لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق آسٹریلوی بلے باز ڈین جونز اور پاکستان کے عظیم فاسٹ باولر وسیم اکرم نے پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ پول کا ذکر کیا ، وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ٹیلنٹ کے حساب سے کرکٹ کا برازیل ہے۔ ڈین جونز نے وسیم اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلنٹ کی فیکٹری ہے ، ہم آسٹریلیا میں ہمیشہ یہی بات کرتے ہیں کہ پاکستان میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے اور صرف یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان اس ٹیلنٹ کا استعمال کیسے کرتا ہے ۔وسیم اکرم نے سابق کینگرو بلے باز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلنٹ کے حساب سے کرکٹ کا برازیل ہے۔
ڈین جونز نے ان ایجادات کا ذکر کیا جو پاکستانی باولرز کئی برسوں میں کرکٹ میں لائے ہیں۔ ڈین جونز کا کہنا تھا کہ پاکستانی باولرز انٹرنیشنل کرکٹ میں مختلف تکنیک لاتے ہیں ،آپ (وسیم) ، وقار یونس، شعیب (اختر) اور یقینا عبدالقادر اور مشتاق احمد جیسے مختلف باولرز سامنے آئے اور اب بھی مختلف صلاحیتوں والے بائولرز سامنے آرہے ہیں۔
ڈین جونز کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ہمیشہ سے پاکستانیوں کے خون میں رچی بسی ہوئی تھی لیکن 80ء کی دہائی میں پاکستانی ٹیم کی شاندار پرفارمنسز اور ورلڈ 1992ء کی جیت نے کرکٹ پاکستان کے طول و عرض تک پہنچائی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستانیوں کے ڈی این اے میں ہے ، ایک لمبے عرصے تک پاکستان اچھی ٹیم رہی لیکن 80ء کی دہائی میں جب عمران خان نے کپتانی سنبھالی اور ورلڈ کپ 1992ء کے فائنل میں میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں جب پاکستان نے ایک لاکھ کرکٹ شائقین کے سامنے انگلینڈ کو شکست دی تو وہ لمحہ لاجواب تھا۔