لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کورونا وائرس کے باعث قومی کرکٹرز کے ملتوی ہونے والے فٹنس ٹیسٹ آن لائن لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 23 اور 24 مارچ کو شیڈول کیے گئے تھے لیکن کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کی رواں سیزن کے پانچویں فٹنس ٹیسٹنگ ملتوی کردیے گئے تھے۔
تاہم اب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی ہدایات کی روشنی میں موجودہ حالات کے پیش نظر نیا پلان تر تیب دیا گیا ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹرینر یاسر ملک نے نیا پلان ترتیب دیا ہے جس کے مطابق آن لائن ٹیسٹ ہوں گے اور اس سلسلے میں تفصیلات تمام کرکٹرز کو بھجوا دی گئی ہیں۔ اس پلان کی ویڈیوز بھی کھلاڑیوں کو بھجوائی جائیں گی تاکہ تمام کرکٹرز اس پلان کے مطابق تیاری کر سکیں۔
پاکستان اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ 20 اپریل کو ہوں گے جب کہ ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرز کو اپنی اپنی ٹیموں کے ٹرینرز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پانچویں فٹنس ٹیسٹنگ کے بعد چھٹی فٹنس ٹیسٹنگ جون میں ہوگی، اس میں جم اسکن فولڈ اور ایک کلو میٹر کی رننگ بھی شامل ہو گی